پٹرول مہنگا ہونے پر شہریوں کا شدید ردعمل، حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ

پٹرول مہنگا ہونے پر شہریوں کا شدید ردعمل، حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ

پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد شہریوں نے شدید مایوسی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے نہ صرف سفری اخراجات بڑھتے ہیں بلکہ اشیائے خورونوش سمیت روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔شہریوں نے شکایت کی کہ ان کی آمدن میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا، جبکہ روزمرہ زندگی کے اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں، جس کے باعث گھریلو بجٹ کو سنبھالنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔کئی شہریوں کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ہر اضافے کا براہِ راست اثر عام آدمی پر پڑتا ہے، کیونکہ ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھنے سے ہر شعبہ متاثر ہوتا ہے اور مہنگائی کی نئی لہر جنم لیتی ہے۔عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہوئے فوری ریلیف دیا جائے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں سہولت فراہم کی جائے۔