پٹرول کی قیمت میں اضافے پر شہریوں کا احتجاج، حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ

پٹرول کی قیمت میں اضافے پر شہریوں کا احتجاج، حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ

حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب قرار دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے سے نہ صرف آمدورفت کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں بلکہ اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے، جس کا براہِ راست بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے۔حکومتی فیصلے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 334 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔شہریوں نے شکوہ کیا کہ حکومت ایک طرف پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کرتی ہے، لیکن چند ہی روز بعد اس سے کہیں زیادہ اضافہ کر دیتی ہے، جس کے باعث عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے، ایسے میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کچھ کمی لائی جا سکے۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تحت پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔