لاہور: زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمے میں صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت پر سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔فلک جاوید نے جیل سے اپنے وکیل کی وساطت سے درخواستِ ضمانت دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے، لہٰذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید اس مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور ان پر زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کے افسران پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمہ سے پیٹرول بم بھی برآمد ہوا تھا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس بانی پی ٹی آئی کو طلبی کے سمن کی تعمیل کے لیے ان کی رہائش گاہ گئی تھی، جہاں مشتعل کارکنوں نے مبینہ طور پر پیٹرول بم پھینکے، جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں مقدمہ نمبر 410/23 کے تحت درج ہے۔