صدر زرداری کی بلوچستان کے وزراء سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

صدر زرداری کی بلوچستان کے وزراء سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

کراچی: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزراء نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بلوچستان کی پائیدار ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔صدرِ مملکت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام کو ان کے ثمرات جلد از جلد پہنچ سکیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے، عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی ملک کے مجموعی استحکام کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے حکومت صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ملاقات میں صوبائی وزیر آبپاشی صادق عمرانی، وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیر صحت میر بخت کاکڑ، وزیر لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیر صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیر محنت غلام رسول عمرانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری بھی شریک تھے۔