پنجاب حکومت کا اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے واٹر مینجمنٹ منصوبوں پر تیز رفتار کام

پنجاب حکومت کا اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے واٹر مینجمنٹ منصوبوں پر تیز رفتار کام

پنجاب حکومت نے مون سون سیزن سے قبل شہری علاقوں کو اربن فلڈنگ سے محفوظ بنانے کے لیے واٹر مینجمنٹ منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام تیز کر دیا ہے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے تحت صوبے کے 15 اضلاع میں 27 میگا واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر پیش رفت جاری ہے۔لاہور میں مجموعی طور پر 18 انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس میں سے 13 مکمل کر کے فعال بنا دیے گئے ہیں، جبکہ باقی 5 منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ منصوبے مون سون کے دوران بارش کے پانی کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے چوبرجی میں زیر تعمیر انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے انہیں منصوبے کی پیش رفت اور دیگر ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق چوبرجی منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے، جو بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تکمیل سے لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات میں واضح کمی آئے گی، جس سے مون سون کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں ریلیف ملے گا۔حکومت پنجاب نے عزم ظاہر کیا ہے کہ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور بارش کے پانی کے مؤثر انتظام کے تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں گے تاکہ مون سون سیزن میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔