یومیہ بنیادوں پر نئی قیمتیں ، پٹرول 4.93، ڈیزل 7.15روپے لٹر مہنگا ،پمپ مالکان نے آج سے ہڑتال کردی

 پٹرول، ڈیزل مہنگا، پمپس پر فروخت بند 
 پٹرول کی قیمت 320روپے73پیسے،ڈیزل کی 367 روپے 21 پیسے مقرر،نوٹیفکیشن جاری ،مطالبات کی منظور ی تک ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی:آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ،ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے بھی حمایت کردی 
کراچی،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،بیورو رپورٹ)پٹرول، ڈیزل مہنگا، مالکان نے پمپس پر فروخت بند کردی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ رد و بدل کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات ناکام ، آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ، ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان بٹ نے جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مارجنز میں اضافے ، روزانہ قیمتوں کے نفاذ سمیت اہم مطالبات پر اتفاق نہ ہونے کے باعث وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کیساتھ مذاکرات ناکام رہے ہیں، مذاکرات کی ناکامی کے بعد آج 2 رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور مطالبات منظور نہ ہونے تک ملک گیر ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کسی صورت قبول نہیں، حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تعین کرنے کا نیا نظام مسترد کرتے ہیں، حکومت پٹرول پمپ مالکان کے جائز مطالبات پر مثبت اور قابلِ قبول فیصلہ کرے ، بصورت دیگر ملک گیر ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ ایسوسی ایشن نے پٹرول پمپ مالکان کو ہڑتال میں بھرپور شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے اتحاد برقرار رکھنے اور پرامن احتجاج کو یقینی بنانے کی اپیل کر دی۔ اْدھرآل پاکستان پٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما شعیب خان نیپمپ مالکان ہڑتال کی حمایت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جائز مطالبات پر مثبت فیصلے کرے، جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے تب تک پمپ بند رہیں گے۔ حکومت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف ہر ہڑتال کی بھرپور حمایت کریں گے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ خطے کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔اس فیصلے کے بعد اوگرا وزیراعظم یا حکومت کی منظوری کے بغیر قیمتوں کا اعلان کرے گا جبکہ ہفتہ اور اتوار کو گزشتہ اعلان کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی تاہم آل پاکستان پٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے پٹرولیم پرائس ڈی ریگولیشن پالیسی کو مسترد کردیا تھا۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے صورتحال پر غور کے لیے آج ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں طلب کرلیا ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات، ڈیلرز کے مطالبات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گاجس کے بعد پریس کانفرنس میں اہم فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔جب کہ رات گئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج کے لئے اضافہ کردیا ۔ قیمتوں کے یومیہ تعین کا نظام نافذ ہونے کے بعد دوسرے روز پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے ہو گئی۔ہائی سپیڈ ڈیزل 7 روپے 15 پیسے لٹر مہنگا کیا گیا جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 367 روپے 21 پیسے تک جا پہنچی۔نوٹی فکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے 22 جولائی کے لیے ہوگا۔