پنجاب‘خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں‘دریائے راوی کا پانی سندر میںداخل ہلاکتیں43ہوگئیں‘177افرادزخمی

سندر کے نواحی علاقے ڈیرہ گھنگاں والا میں راوی کا  پانی گھروں میں  داخل ہونے پر مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی، لاہور کے اکثر علاقے شدید بارش کے باعث پانی میں ڈوب گئے‘اسلام پورہ میں کرنٹ لگنے سے شہری جاں بحق ہوگیا
  قصور، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، نارووال، شکر گڑھ، مریدکے، کامونکے، حافظ آباد، جلالپور جٹاں اور دیگر شہروں میں بھی  موسلادھار بارش ہوئی‘سندھ کے کئی علاقوں میں باران رحمت‘آج بھی بارش کا امکان ہے:محکمہ موسمیات
لاہور (رپورٹ:شہزاد راجپوت) دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے باعث سندر کے نواحی علاقے ڈیرہ گھنگاں والا میں سیلابی پانی داخل ہونا شروع ہوگیا، جس کے بعد مقامی آبادی نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث روہی نالہ کا پانی دریا میں گزر نہ سکا، جس کے نتیجے میں نالے میں پانی کا دباؤ بڑھ گیا اور اس نے سیلابی شکل اختیار کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں روہی نالہ کا پانی ڈیرہ گھنگاں والا کی رہائشی آبادی تک پہنچ گیا اور متعدد گھروں کی بنیادوں کو چھونے لگا۔جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔متاثرہ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے حوالے سے نہ تو پیشگی اطلاع دی گئی اور نہ ہی کسی قسم کی احتیاطی یا حفاظتی تدابیر اختیار کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت آگاہ کیا جاتا تو وہ پہلے ہی اپنے اہل خانہ اور قیمتی سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کر سکتے تھے۔دریں اثناء لاہور میں ایک ہی اسپیل کے دوران 263 ملی میٹر بارش ہوئی جس نیہر طرف پانی ہی پانی کر دیا۔سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں جبکہ ڈیفنس کے علاقے میں کشتیاں چل گئیں۔ترجمان واسا کیمطابق لاہور ائیر پورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تاجپورہ میں157.4،کاہنہ میں 143، شادی پورہ میں 136، مغل پورہ میں133، مال روڈ پر116، مناواں میں 112.2، جوہرٹان میں 81 اور چوک ناخدا میں 64.6ملی میٹر بارش ہوئی۔اسلا م پورہ میں نیلی بار چوک کے قریب بجلی کے تار پانی میں گرگئے‘وہاں سے گزرنے والا38سالہ وزیر علی کرنٹ  لگنے سے موقع پر دم توڑگیا۔پنجاب کے دیگر شہروں  قصور، گوجرانوالو، وزیر آباد، گجرات، نارووال، شکر گڑھ، مریدکے، کامونکے، حافظ آباد، جلالپور جٹاں اور دیگر شہروں میں بھی  بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔سندھ کے مختلف شہروں میں رات سے طوفانی ہواں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم، کئی اضلاع میں سڑکیں زیرِ آب آگئی ہپیں اور بجلی بھی معطل ہوگئی ہے۔گزشتہ رات کندھ کوٹ، خیرپور، کشمور، سکھر اور پنوعاقل سمیت متعدد علاقوں میں بادل جم کر برسے۔