لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے بلاول بھٹو کو نفرت کی سیاست زیب نہیں دیتی،لاڑکانہ کے نوابوں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بغض اور نفرت ہے کیونکہ یہاں کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جا رہے ہیں،اگر پنجاب میں پیپلز پارٹی چوتھے نمبر کی جماعت ہے تو اس میں مسلم لیگ ن کا کوئی قصور نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماں اور ترجمانوں کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔اپنے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی سے جلنے والے جلتے رہیں گے جب کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی حکومت کو ابھی صرف دو سال ہوئے ہیں اور اس مختصر عرصے میں صوبے میں نمایاں ترقیاتی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں اور وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک پہنچایا ہے تاہم لاڑکانہ کے نوابوں کو یہی بات ہضم نہیں ہو رہی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر پنجاب میں پیپلز پارٹی چوتھے نمبر کی جماعت ہے تو اس میں مسلم لیگ ن کا کوئی قصور نہیں، بلکہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔