میں بھی استاد بنوں گا‘ہر ہفتے کسی بھی سکول میں جا کر کلاس لوں گا وزیرتعلیم پنجاب

 انگلش اور کیمسٹری پسندیدہ مضمون،  پرائمری سکولوں میں انگلش، ہائی سکولوں میں کیمسٹری سے آغاز کروں گا،دیگر مضامین کی بھی تدریس کروں گا
 ستمبر کے پہلے ہفتے سے کلاس پڑھانا شروع کروں گا‘ اساتذہ کی عزت کرتا ہوں، استاد بن کر فخر محسوس کروں گا:رانا سکندر حیات کا ویڈیو پیغام
لاہور(آن لائن)وزیراعلی پنجاب مریم کی جانب سے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کوہر ہفتے ایک سکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت پر رانا سکندر حیات کا بیان آگیا۔ویڈیو پیغام میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا  انگلش اور کیمسٹری پسندیدہ مضمون، انہی مضامین سے شروع کروں گا، پرائمری سکولوں میں انگلش، ہائی سکولوں میں کیمسٹری سے آغاز کروں گا، انگلش اور کیمسٹری کے علاہ دیگر مضامین کی بھی تدریس کروں گا۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے کلاس پڑھانا شروع کروں گا، ہر ہفتے کسی ایک سکول میں بغیر پیشگی اطلاع پڑھانے جاؤں گا، کسی کو معلوم نہیں ہوگا کہ کب، کس اسکول آرہا ہوں۔ اساتذہ کی عزت کرتا ہوں، استاد بن کر فخر محسوس کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کا مقصد سکولوں کے مسائل، زمینی حالات اور تدریسی معیار کا براہ راست جائزہ لینا ہے، اساتذہ اور طلبہ سے براہ راست رابطہ تعلیمی اصلاحات میں معاون ثابت ہوگا، اقدام سے تعلیمی معیار کو جانچ کر تدریسی کمزوریاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔