وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کلاس لینے گورنمنٹ سکول پہنچ گئے

 گورنمنٹ ہائی سکول لدھر کی طالبات کو انگلش پڑھائی،ٹیچر گاؤن بھی زیب تن کیا 
آئندہ ہفتے پانچویں جماعت کی طالبات کو کمپیوٹر بطور اضافی مضمون پڑھائیں گے 
لاہور (زیڈ این این)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات اپنی ہفتہ وار کلاس لینے کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول لدھر پہنچ گئے۔ انہوں نے پانچویں جماعت کی طالبات کو انگلش کا مضمون پڑھایا اور کلاس پڑھانے سے قبل باقاعدہ ٹیچر گاؤن بھی زیب تن کیا۔رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ ہفتے پانچویں جماعت کی طالبات کو کمپیوٹر بطور اضافی مضمون پڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کمپیوٹر پانچویں جماعت کے موجودہ سلیبس کا حصہ نہیں، تاہم جدید دور کی ضروریات کے پیشِ نظر بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے کمپیوٹر کی تعلیم دینا انتہائی ضروری ہے۔وزیر تعلیم نے گزشتہ ہفتے سکول میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا اور سکول کو فراہم کی جانے والی نئی سپورٹس کٹس کی رونمائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات کے ساتھ بیڈمنٹن اور کرکٹ بھی کھیلی اور تمام سکولوں میں باقاعدہ سپورٹس پیریڈ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ طالبات نے سپورٹس کٹس کی فراہمی پر وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔میٹرک کی طالبات کی خصوصی فرمائش پر وزیر تعلیم نے ان کی کلاس میں بھی تفصیلی لیکچر دیا۔ بعد ازاں رانا سکندر حیات نے سکول کی تمام 1100 طالبات میں چپس اور جوس تقسیم کیے۔