پاکستان میں ڈیجیٹل اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، اسحاق ڈار

پاکستان میں ڈیجیٹل اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، اسحاق ڈار

ویب ڈیسک: نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے، جس سے نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے بین الاقوامی سطح پر شہرت یافتہ بینکاری، سرمایہ کاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکی ہے، جو خاص طور پر زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور دیگر اہم شعبوں میں سہولت کاری کے عمل کو تیز کر رہی ہے۔اسحاق ڈار نے پاکستان میں فِن ٹیک، ڈیجیٹل بینکنگ اور بنیادی ڈھانچے (infrastructure) میں موجود استعداد اور مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ملاقات میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں جیسے مورگن اسٹینلی، بینک آف امریکا، بی این پی پریباس، جے پی مورگن اور گولڈمین سیکس کے نمائندے شریک تھے۔ترجمان کے مطابق غیر ملکی ماہرین نے پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور باہمی معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔