ریلوے ہمارا قومی اثاثہ ہے، اس کی بہتری اور حفاظت میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،وفاقی وزیر حنیف عباسی
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ہمارا قومی اثاثہ ہے، اس کی بہتری اور حفاظت میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، بغیر ٹکٹ سفر کرنے اور کرانے والا دونوں جیل جائیں گے۔ وفاقی وزیر کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر کے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان ریلوے کو ایک جدید، محفوظ اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محمد حنیف عباسی نے افسران پر زور دیا کہ پاکستان ریلویز میں دیانت، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی جان و ما ل کا تحفظ ہمارا اولین قومی فریضہ ہے، اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ وفاقی وزیر نے مون سون سیزن کی ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر تمام ریلوے پلوں، پٹریوں اور انفراسٹرکچر کا فوری معائنہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو قدرتی آفات سے بچانے کے لیے پیشگی تیاری ہی ہماری کامیابی کی ضامن ہے۔اجلاس میں ساتھ سْتھرا پنجاب مہم کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی صفائی، تزئین و آرائش، جدید ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی کے مستقل نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی بات ہوئی۔وفاقی وزیر نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا بغیر ٹکٹ سفر کرنے اور کرانے والا دونوں جیل جائیں گے۔ اس ضمن میں ٹکٹ چیکنگ مہم کو پورے ملک میں مؤثر اور مسلسل انداز میں چلانے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ہمارا قومی اثاثہ ہے، اس کی بہتری اور حفاظت میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔