نیشنل سرٹ نے ہنی ٹریپ سے بچا ئوکیلئے ایڈوائزری جاری کردی

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں واٹس ایپ اور دیگر میسجنگ پلیٹ فارمز پر ملازمت اور فری لانسنگ کے بہانے ہنی ٹریپ سکیمز تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ خصوصا ًنوجوان، طلبہ اور فری لانسرز نشانہ ہیں۔ متاثرین کو بلیک میل کرکے 10سے 15لاکھ روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔نیشنل سرٹ کی جاری ایڈوائزری کے مطابق ہنی ٹریپ اور جعلی فری لانسنگ سکیموں میں متاثرہ افراد کو جعلی ملازمت کی پیشکش دے کر واٹس ایپ گروپس میں شامل کیا جاتا ہے، جہاں انہیں فحش مواد دکھا کر بعد میں بلیک میل کیا جاتا ہے۔ نیشنل سرٹ کا کہنا ہے کہ ان وارداتوں میں ملوث عناصر جعلی ریکروٹرز اور گروپ ممبرز کے ذریعے فری لانسنگ مواقع کا جھانسا دیتے ہیں اور سوشل میڈیا پروفائلز یا گروپ سرگرمیوں کی بنیاد پر شکار کا انتخاب کیا جاتا ہے۔نیشنل سرٹ کی جانب سے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔