لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا،منصوبے کیلئے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور جاپان کے درمیان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق جاپان منصوبے کے لئے 2.58 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا، جس کی مالیت تقریبا 16.4 ملین امریکی ڈالر ہے۔ منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچا کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے، اس منصوبے سے سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا، منصوبے سے سیلاب سے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کیے، گرانٹ معاہدے پر ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کئے ۔سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار ہے، جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ قدر ہے۔محمد حمیر کریم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کو سراہا اور کہا کہ جاپان کی جانب سے مسلسل ترقیاتی معاونت پاکستان کے لیے قابلِ قدر ہے۔جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنائیں گے۔