رحیم یار خان پولیس کا محاصرہ تنگ ہونے پرسنگین جرائم میںملوث ڈاکو قربان لٹھانی نے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالے،آئی جی کی پولیس کوشاباش
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ میں ڈاکوؤں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ 50 لاکھ روپے سر کی قیمت والے ڈاکو نے دیگر 6 ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ رحیم یار خان پولیس نے کچہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 7 ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔سرنڈر کرنے والے کچہ کریمنلز میں 50 لاکھ روپے ہیڈ منی والا ڈاکو قربان لٹھانی بھی شامل ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایاکہ رحیم یار خان پولیس کا محاصرہ تنگ ہونے پر ڈاکو قربان لٹھانی نے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالے۔سرنڈر کرنے والوں میں جہانگیر دشتی، حکیم دشتی، رفیق لٹھانی، اعظم لٹھانی اور ابوبکر عمرانی بھی شامل ہیں۔ سرنڈر کرنے والے ڈاکو سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات کے ریکارڈ یافتہ ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے 50 لاکھ روپے ہیڈ منی کے خطرناک ڈاکو اور دیگرکی گرفتاری پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی ہے۔