بارش : چھتیں گرنے سے 2افراد جاں بحق،12زخمی

لکھوڈیر میں ملبے تلے دب کر42سالہ عابد ،سگیاں کے قریب ایک بچی جاں بحق ہوگئی،دوزخمیوں کی حالت تشویشناک 
 لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں بارش کے باعث دو مختلف مقامات پرکچے مکانوں کی چھتیں گر گئیں، چھتیں گرنے کے باعث بچی سمیت ایک شخص جاں بحق جبکہ2 بچوں اور 2عورتوں سمیت 12افراد زخمی ہوگئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لکھوڈیر رنگ روڈ کے قریب گھر کی چھت گر گئی،جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق جبکہ بچے سمیت3 افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے تین افراد 29سالہ آسیہ بی بی، 6سالہ علی اور 2سالہ ہادیہ کو زندہ نکال لیا ۔ملبے تلے دب کر 42 سالہ عابد جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا،جبکہ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی۔ دوسرا واقعہ سگیاں پل کے قریب پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی گھر کے9 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے اور ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔ زخمیوں کو فوری ملبے سے نکال کر طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔زخمیوں میں 2 بچے ،2عورتیں اور پانچ مرد شامل ہیں۔ جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ زخمیوں میں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔