کھلی کچہری والدین کی بچوں کیخلاف شکایات پرایکشن

  والدین پر تشدد وغیر قانونی عمل کرنے والے جیل جائیں گے،فیصل کامران کی گفتگو
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے کہا ہے کہ دین اسلام ہمیں والدین سے حسن سلوک کرنے کا حکم دیتا ہے۔ والدین پر تشدد وغیر قانونی عمل کرنے والے جیل جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں و پولیس افسران سے گفتگو کے دوران کیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے قانونی کارروائیوں کے احکامات جاری کئے۔ فیصل کامران نے سگے بیٹے کی جانب سے ماں پر چھریوں سے حملہ کرنے کی معمر خاتون کی شکایت پرایس پی سول لائنز کو خاتون کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح بوڑھے باپ کی بھی سگے بیٹے کے خلاف تشدد و جائیداد پر قبضہ کی شکایت پر ایس ایچ او مناواں کو پیرنٹس ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے خواتین پر گھریلو تشدد کی شکایات پرایس پی سول لائنز، ایس ایچ اوز شادباغ، شاہدرہ ٹاؤن کوبعد از تصدیق کارروائی کا حکم دیا۔ فیصل کامران نے رکشا کھڑا کرنے پر تشدد کی شکایت پر ایس ایچ او لاری اڈاکو تصدیق کے بعد غنڈہ گردی ثابت ہونے پر ملزمان کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے۔