بابوسر ٹاپ حادثہ: ڈاکٹر مشعال فاطمہ کے بیٹے عبدالہادی کی لاش 3 روز بعد برآمد

بابوسر ٹاپ حادثہ: ڈاکٹر مشعال فاطمہ کے بیٹے عبدالہادی کی لاش 3 روز بعد برآمد

بابوسر ٹاپ پر پیش آنے والے المناک سیلابی حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون ڈاکٹر مشعال فاطمہ کے لاپتا بیٹے کی لاش تین دن بعد مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق 3 سالہ عبدالہادی کی لاش گزشتہ شام 7 بجے مقامی افراد کو بابوسر کے قریب ڈاسر کے مقام پر ملی، جس کے بعد فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی۔گلگت بلتستان اسکاؤٹس نے اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کی لاش نالے سے نکالی اور چلاس کے اسپتال منتقل کر دی۔یاد رہے کہ چند روز قبل لودھراں سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی پکنک منانے کے بعد سکردو سے واپسی پر بابوسر ٹاپ کے مقام پر اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ گئی تھی۔ اس دلخراش حادثے میں ڈاکٹر مشعال فاطمہ اور ان کے دیور فہد اسلام موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ ان کا کمسن بیٹا عبدالہادی لاپتا ہو گیا تھا۔حادثے کے بعد سے مقامی انتظامیہ، رضاکاروں اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مسلسل تلاش جاری تھی، جو بالآخر تین روز بعد کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ علاقے میں اس واقعے کے بعد رنج و غم کی فضا قائم ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی عوام نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔