کشمیر ہمیشہ پاکستان کی شہ رگ رہے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

کشمیر ہمیشہ پاکستان کی شہ رگ رہے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان سمیت پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔
انہوں نے یہ بات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے دورے کے موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آپریشن بنیان مرصوص پر روشنی
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں آپریشن بنیان مرصوص کی حکمت عملی، کامیابی اور قومی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن عوام اور خصوصاً نوجوانوں کی حمایت سے کامیاب ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک معرکۂ حق تھا جس میں قوم نے پاک افواج کا فتح مبین کے ساتھ ساتھ بھرپور ساتھ دیا۔

بلوچ عوام کا پاکستان سے تاریخی رشتہ
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بلوچ عوام پاکستان سے تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں جُڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن قوتوں کے سہولت کار اور مٹھی بھر شرپسند عناصر، بلوچستان اور پاکستان کے روشن مستقبل کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔

کشمیر پر واضح مؤقف
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کشمیر کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ, "کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا۔"انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہر سطح پر مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
طلبا و فیکلٹی کی جانب سے خراجِ تحسین
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پہنچنے پر یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر طلبا و طالبات نے پاک افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبا نے مستقبل میں بھی ایسے انٹریکٹیو سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ نوجوان نسل کو ملکی دفاع، قومی یکجہتی اور قیام امن سے متعلق بہتر آگاہی حاصل ہو۔

قومی بیانیہ کی ترویج
ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ نوجوان نسل دشمن کے پھیلائے ہوئے جھوٹے پروپیگنڈے سے باخبر رہے اور قومی بیانیے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔