وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام اپنے خطے کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اسے کراچی نہیں بلکہ لاہور جیسی ترقی کی مثال بنانا چاہتے ہیں۔
نارووال میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام دونوں جماعتوں کی کارکردگی سے واقف ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کس کے دور حکومت میں ترقی ہوئی اور کس کے دور میں کرپشن کے مسائل سامنے آئے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کو دیکھ رہے ہیں، جبکہ پارٹی کی ترقیاتی پالیسیوں کو ملک بھر میں پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کی علامت ہے۔وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ملک کے 90 فیصد عوام لاہور جیسی ترقی اور سہولیات کو ترجیح دیں گے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں، معاشی استحکام اور عوامی سہولتوں پر توجہ دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو ایسی شکست ہوگی جسے تاریخ یاد رکھے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔کوٹلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر کا مستقبل کسی ایک فرد یا جماعت کے ہاتھ میں نہیں بلکہ کشمیری عوام کے فیصلے سے طے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے موقع دیا تو پیپلز پارٹی ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنے گی۔