پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہمیشہ کے لیے اس کا دفاعی اثاثہ رہے گا:وزیر اعظم

پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہمیشہ کے لیے اس کا دفاعی اثاثہ رہے گا:وزیر اعظم

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہمیشہ ہمارے دفاعی اثاثہ کے طور پر قائم رہے گا، اور ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے تمام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔  
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 10 مئی کو قوم نے معرکہ حق کی سالگرہ شایان شان انداز میں منائی، اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو وہ فتح، عزت اور وقار ملا جو اتحاد اور قومی یکجہتی کا نتیجہ ہے۔  انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام دفاعی مقاصد کے لیے ہے، جارحیت کے لیے نہیں، اور یہی وجہ ہے کہ دنیا اسے ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر جانتی ہے۔  شہباز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے میں شامل سائنسدانوں، سیاستدانوں، اداروں اور حکومتوں کو خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ اب ہمیں معاشی طاقت بننا ہے، جس کے لیے تمام قوم ایک ٹیم کی طرح کام کر رہی ہے۔  
انہوں نے خطے میں جاری جنگ اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صورتحال دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہے، اور سب نے مل کر صورت حال سے نمٹنے کے لیے کوششیں کی ہیں۔  اس کے علاوہ، وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والے ریلوے ملازم لیاقت کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، اور وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شہداء کے لیے دعائیں کی گئیں۔