عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے یہ حکم 4 اکتوبر 2023 کے احتجاج سے متعلق تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

اعظم سواتی کو حاضری سے استثنیٰ
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اور سینیٹر اعظم خان سواتی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

ضمانتی مچلکے ضبط، سماعت ملتوی
عدالت نے غیر حاضر دیگر پی ٹی آئی کارکنان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا اور کیس کی مزید سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔

کون پیش ہوا؟
4 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق درج تھانہ شہزاد ٹاؤن کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ، زاہد بشیر ڈار اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔یہ مقدمہ پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران مبینہ طور پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جھڑپوں کے الزام میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت کی آئندہ سماعت میں تمام ملزمان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔