پاکستان کیساتھ تجارتی حجم جلد 1ارب ڈالرز تک پہنچ جائیگا:بنگلا دیشی ڈپٹی ہائی کمشنر

 دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز بھی جلد ہوگا،محبوب العالم ،لاڑکانہ کادورہ ،ملاقاتیں 
  کراچی(آئی  این پی ) کراچی میںتعینات بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محبوب العالم نے کہا ہے کہ جلد ہی پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارتی حجم 1 ارب امریکی ڈالرز تک پہنچ جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز بھی جلد ہوگا، پاکستان میں بنگلا دیشی مصنوعات کے فروغ کے لیے بھی سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔لاڑکانہ کے دورے کے موقع پر لاڑکانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، لاڑکانہ پریس کلب اور آرٹس کونسل آف لاڑکانہ میں تاجروں، صنعت کاروں، صحافیوں، فنکارو ں اور سرکاری افسران سے ملاقات میں بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ تجارت، ثقافت اور صحافت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی۔پاکستانیوں کو بنگلا دیش کے ویزا کے اجرا میں حائل مشکلات کے حوالے سے ڈپٹی ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ کراچی میں بنگلہ دیشی مشن تمام پاکستانی تجارتی وفود کے لیے ترجیحی ویزا کو یقینی بنائے گا۔