اسلام آباد میں کار سوار باپ بیٹی کے ڈوبنے کا واقعہ:سینیٹ قائمہ کمیٹی کا اظہار افسوس

 یہ قدرتی آفت نہیں،مون سون سیزن میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کے داخلوں پر پابندی لگنی چاہیے، چیئرپرسن کمیٹی
بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالی اموات پر دعائے مغفرت ،نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے نمائندگان،سی ڈی اے حکام طلب 
اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی نے اسلام آباد میں کار سوار باپ بیٹی کے ڈوبنے کا واقعہ افسوسناک قرار دے دیا۔چیئرپرسن کمیٹی نے سوال کیا کہ نجی ہائوسنگ سوسائٹی کا واقعہ کس کی ڈومین میں آتا ہے،چیئرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے نمائندگان کو طلب کرلیا۔چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر شیری رحمن کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں بارشوں اور سیلاب سے ہونی والی اموات پر دعائے مغفرت کرائی گئی۔چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ملک بھر میں مون سون بارشوں سے تباہ کاریاں اور اموات کے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں، سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہیں، لیکن آپریشن کے بعد تحقیقات ہونی چاہیے، یہ قدرتی آفات نہیں ہیں، ہمیں اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔چیئرپرسن کمیٹی نے کہاکہ کمیٹی میں اسلام آباد میں ڈوبنے والے کار سوار باپ بیٹی کا واقعہ افسوسناک ہے، نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے واقعے پر تحقیقات ہونی چاہیے، سید پور گائوں میں واقع تعمیرات سے متعلق انکوائری ہونی چاہیے۔چیئرپرسن کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں سی ڈی اے حکام کو طلب کرلیا۔چیئرپرسن کمیٹی نے استفسار کیا کہ نجی ہائوسنگ سوسائٹی کا واقعہ کس کی ڈومین میں آتا ہے، نجی ہائوسنگ سوسائٹی نے کس طرح سے تعمیرات کی ہیں جو یہ یہ واقعہ پیش آیا، چیئرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے نمائندگان کو طلب کرلیا۔