قذافی سٹیڈیم کے باہرادا کی گئینمازجنازہ پروفیسر مولانا محمد یوسف نے پڑھائی،روپوش حماداظہر بھی جنازے میںشریک
وزیراعظم اور نواز شریف کا میاں محمد اظہر کے انتقال پر اظہار افسوس،سینئر وزیرمریم اورنگزیب کی میاں اظہرکی رہائشگاہ پرآمد
لاہور (آئی این پی )سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کی نمازِ جنازہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ادا کی گئی، پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر بھی طویل عرصے کی روپوشی کے بعد اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔نماز جنازہ قذافی سٹیڈیم کے باہر ادا کی گئی، نمازِ جنازہ پروفیسر مولانا محمد یوسف نے پڑھائی، جس میںملک کی معروف سیاسی، سماجی شخصیات نے شرکت کی۔صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، حافظ فرحت عباس، فرخ جاوید، فردوس شمیم نقوی، شوکت بسرا، مہر واجد، ابوزر سلمان نیازی، میجر غلام سرور، بریگیڈیئر مشتاق، سجاد وڑائچ، شیخ امتیاز، فواد چودھری، خواجہ احمد حسان اور جمشید اقبال چیمہ سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔مرحوم میاں اظہر ملک کے سینئر سیاستدان اور مختلف اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے تھے۔ ان کی تدفین بابا رحمت قبرستان بھٹہ چوک میں کی گئی ۔ نماز جنازہ میں شریک افراد نے ان کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔دریں اثناء سابق وزیراعظم نواز شریف نے میاں محمد اظہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ میاں اظہر کے والد اور ان کے والد میاں محمد شریف کے درمیان دیرینہ تعلق تھا، اللہ تعالی میاں محمد اظہر کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی میاں محمد اظہر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔قبل ازیں 9مئی کیسز کے باعث مفرور حماد اظہر اپنے والد میاں اظہر کے جنازے میں شرکت کے لیے رہائش گاہ پہنچ گئے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب دوبارہ میاں اظہر کی رہائشگاہ پہنچیں، مریم اورنگزیب گذشتہ رات بھی میاں اظہر کی رہائشگاہ گئی تھیں، رکن صوبائی اسمبلی حافظ فرحت عباس،فرخ جاوید مون، فردوس شمیم نقوی، شوکت بسرا، مہر واجد، ابوزر سلمان نیازی بھی میاں اظہر کی رہائش گاہ پر موجود تھے۔