سابق گورنر پنجاب میاں اظہر انتقال کر گئے

پی ٹی آئی لیڈر حماد اظہر کے والد کافی عرصے سے علیل تھے
 لاہور (کرائم رپورٹر) پی ٹی آئی کے لیڈر حماد اظہر کے والد اور پنجاب کے سابق گورنر میاں اظہر گزشتہ شب لاہور میں فوت ہو گئے۔ میاں اظہر کافی عرصے سے علیل تھے۔ میاں اظہر این اے 129 سے قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے۔ ان کی وفات سے پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں ایک اور نشست سے محروم ہو گئی۔ میاں اظہر نے سیاست کا آغاز سابق ڈکٹیٹر جنرل ضیاء￿  الحق کی آمریت کے دوران غیر سیاسی سیاست سے کیا تھا۔ وہ لاہور میں ضیاء￿  الحق کے بلدیاتی نظام میں ابھرے اور لاہور کے مئیر بنے۔ بعد میں میاں اظہر، مسلم لیگ ن کے لیڈر میاں نواز شریف کے لاہور کی سیاست میں دست راست بنے۔ نواز شریف کے معتمد کی حیثیت سے ہی وہ پنجاب کے گورنر بنے۔ 1999 میں جنرل پرویز مشرف نے نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ کیا تو میاں اظہر نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی۔ چند سال قبل وہ اپنے بیٹے حماد اظہر کے ساتھ پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے تھے۔