خودکش حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن بھکر میں ادا

امن و امان کیلئے پولیس کے جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں:آئی جی عبدالکریم
لاہور(کرائم رپورٹر)داجل بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن بھکر میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال، آر پی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر راشد صدیق کھوکھر، ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی، ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق سمیت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں شہداء کے اہلخانہ، معززین علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ افسران نے شہداء کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کے جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گابعد ازاں آئی جی پنجاب ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر پہنچے جہاں انہوں نے خودکش حملے میں زخمی ہونے والے پولیو ورکر محمد زبیر کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی پولیو ورکر کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی پی او بھکر بھی ان کے ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر خودکش بمبار کو پولیس چیک پوسٹ میں داخل ہونے سے روکا۔ پنجاب پولیس کی تاریخ بہادر اور نڈر جوانوں کی لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے، اور پولیس دہشت گردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جسے مزید علاج کیلئے ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء آئی جی پنجاب نے داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ کا دورہ کیا اور دھماکے کی جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او بھکر نے آئی جی پنجاب کو واقعے کی تفصیلات اور ابتدائی شواہد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صوبہ بھر کی تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹوں پر تعینات افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند مورال کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گیبعد ازاں آئی جی پنجاب میانوالی پہنچے جہاں انہوں نے پنجاب،خیبر پختونخوا بارڈر پر واقع بین الصوبائی ریموٹ سرچ پارک چشمہ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سرحدی داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، نفری، اسلحہ، ایمونیشن اور سکیورٹی آلات کا تفصیلی جائزہ لیا۔داجل چیک پوسٹ خودکش حملے کے تناظر میں آئی جی پنجاب نے خیبر پختونخوا سے آنے والی ٹریفک کی سختی سے چیکنگ، فورس کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردی کے ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔عبدالکریم نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فرائض کی بہترین ادائیگی پر پنجاب پولیس کے جوان خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔