سکول کی عمارت گرگئی‘ٹیچر ‘34بچے جاں بحق
سکول کی چھت گرنے سے ساری عمارت منہدم ہو گئی‘سکول مارچ 2026ء میں پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہوا ‘ خستہ حال عمارت ہونے کے باوجود اس کو رجسٹریشن دی گئی
وزیراعظم شہباز شریف کا واقعہ کا نوٹس ‘ رپورٹ طلب کر لی‘ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم ‘گورنر خیبرپختونخوا سے ٹیلیفونک رابطہ‘نماز جنازہ میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی بھی شرکت
پشاور (یواین پی‘آئی این پی) پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی سکول کی چھت گرنے سے خاتون ٹیچر اور34بچے جاں بحق ہوگئے‘بتایا گیا ہے چھت گرنے سے پوری عمارت منہدم ہو گئی۔سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نجی اسکول کی عمارت کا تکنیکی معائنہ نہیں کیا گیا تھا، یہ اسکول مارچ 2026ء میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہوا اور خستہ حال عمارت ہونے کے باوجود اس کو رجسٹریشن دے دی گئی، ایم ڈی کے پی پی ایس آر اے جاوید اقبال نے بتایا کہ پی ایس آر اے کے پاس عمارتوں کا تکنیکی معائنہ کرنے والی کوئی ٹیم موجود نہیں، کلاس رومز اور دیگر انتظامی معیار پورا ہونے پر اسکول کو رجسٹرڈ کیا گیا، خستہ عمارتوں پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار تو ہے لیکن اسکول بند کرنے کا اختیار نہیں۔گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی چھت گرنے کے دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی اور زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔دوسری جانب پولیس نے اسکول کے پرنسپل کو بھی حراست میں لے لیا ‘ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دلخراش واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل رپورٹ طلب کی ہے اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے جان کی بازی ہارنے والے بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ انتہائی رقت آمیز ماحول میں ادا کی گئی۔اس موقع پر فضا شدید سوگوار رہی جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ اور تمام لواحقین غم سے نڈھال رہے۔ اس المناک موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، علاقہ معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔