ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل اور پاکستانی نژاد امریکی معالج ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقاتیں
لاکھوں لوگ سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے تنگ آ چکے ہیں، آپ اکیلے نہیں ہیں:خصوصی ایلچی کی ایکس پر پوسٹ
واشنگٹن ،اسلام آباد(آئی این پی )بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے والد کی رہائی کے لیے مہم کا آغاز کر دیا۔امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے خصوصی مشن رچرڈ گرینل نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلیمان اور قاسم سے کیلیفورنیا میں ملاقات کی اور انہیں حوصلہ بلند رکھنے کا مشورہ دیا، دنیا بھر میں لاکھوں لوگ سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے تنگ آ چکے ہیں، آپ اکیلے نہیں ہیں۔عمران خان کے بیٹوں نے پاکستانی نژاد امریکی معالج ڈاکٹر آصف محمود سے بھی ملاقات کی، وہ امریکا میں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنے کی مہم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر آصف محمود امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے نائب چیئرمین ہیں، انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ عمران خان کے بیٹوں اور رچرڈ گرینل کے ساتھ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان پر بے حد فخر ہے جو اپنے والد سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، انہوں نے گرینل کو انصاف اور اصولوں کا ساتھ دینے پر سراہا اور عمران خان کی رہائی کے لیے اتحاد پر زور دیا۔