عمران خان کی بیٹوں سے بات اور طبی معائنے کیلئے درخواستیں منظور

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کواخبارات کی فراہمی،ٹی وی بحالی کی درخواستیں بھی منظور کر لیں
    اسلا م آباد(یواین پی)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے اور بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے عمران خان کی جانب سے ذاتی معالج سے طبی معائنہ کرانے کی درخواست بھی منظور کرلی،جیل کے کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماوں نے ملاقات کی، بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر، علی ظفر اور شیر افضل مروت نے ملاقات کی،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔قبل ازیںبانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔ عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ اپنے احکامات پر عمل درآمد کرانے اور قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے عمران خان کی اپنے بیٹوں سے بات نہیں کرائی جا رہی۔اسی طرح انہیں مرضی کے اخبارات، کتابیں وغیرہ بھی فراہم نہیں کی جاتیں۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ عمران خان کو ان کے ذاتی معالج کو چیک اپ کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔