خلاف آئین قانون سازی فوری ختم کی جائے:ملی یکجہتی کونسل

اسلام آباد(آن لائن)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ،اعلامیہ کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے خاتمے ،لاپتہ افراد کی فوری بازیابی اور ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے اورکہا ہے کہ وزیر اعظم دہشت گردی کے خاتمے ، امن عامہ کے قیام کے لیے قومی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں اور متفقہ لائحہ عمل بنایا جائے۔ اعلامیہ میں ملک سے خلاف آئین قانون سازی فوری طور پر ختم کرنے ،ملک میں بارشوں سے متاثرہ عوام کی بحالی کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔بدھ کو ملی یکجہتی کونسل کے مجلس قائدین اور قومی مشاورت اجلاس صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کی زیر صدارت منعقد ہوااجلاس کی میزبانی سینئر رہنما علامہ سید ساجد علی نقوی سربراہ اسلامی تحریک اور سینئر نائب صدر ملی یکجہتی کونسل نے کی  اجلاس میں اتفاق رائے سے مشترکہ اعلامیہ کی منظوری دی مشترکہ اعلامیہ کے اہم ترین نکات کے مطابق ملکی صورت حال دن بدن تشویش ناک ہو رہی ہے پاکستان کا اسلامی نظریاتی کردار مخدوش اور سرکاری سطح پر تعصبات ، تفرقوں اور قوم کو تقسیم کرنے کے عمل کی وجہ سے قومی وحدت یکجہتی بری طرح متاثر ہے  اعلامیہ کے مطابق پاک بھارت جنگ میں پوری قوم تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر معرکہ حق میں ہندوستان کی جارحیت کے مقابلے میں بنیان المرصوص بن گئی افواج پاکستان نے دلیری مہارت سے معرکہ سر کیا اسلامی ممالک خصوصا دوست ملک چین کی جانب سے مکمل اور بھر پور تائید نے ہندوستان کو پسپا کر دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہت بہتر ہو گیا