دوریاستی حل فلسطینیوں کے ساتھ دھوکا،امریکا ناجائز ریاست مسلط کرنے کا خواہاں
فلوٹیلا سے گرفتارتمام افراد کو رہا کیا جا ئے ،لیاقت بلوچ، ناصرعباس و دیگر کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے ٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے امریکا دراصل ناجائز ریاست کو عالم اسلام پر مسلط کرنے کی کوشش میں ہے، 10 اکتوبر کوفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے جا ئیں گے ۔ قائداعظم محمد علی جناح کی پالیسی کے مطابق اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور مسئلہ فلسطین کا واحد حل ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کاقیام ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سید ناصر عباس شیرازی، علامہ عارف حسین واحدی، ڈاکٹرضمیراختر خان، ڈاکٹر علی عباس نقوی، ڈاکٹر محمد شیرسیالوی، زاہد علی اخونزادہ، طاہر رشید تنولی، شاہد شمسی اور اسرار احمد نعیمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا فلسطین پر اسرائیلی قبضہ، غزہ میں ظلم و بربریت اور ہزاروں بیگناہ جانوں کا قتل انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ، دو ریاستی حل فلسطینی قوم کے ساتھ دھو کا ہے ، امت مسلمہ صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گی۔مسلم ممالک اختلافات ختم کر کے مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی اپنائیں اور اپنے اجتماعی مفادات کے مطابق پالیسی وضع کریں۔انہوں نے حکومت سے کہا خارجہ اور دفاعی پالیسی کے تمام فیصلے قومی قیادت اور پارلیمنٹ کے اتفاقِ رائے سے کیے جائیں۔ قائداعظم کے اصولی مئوقف سے انحراف سنگین نتائج کا باعث ہوگا۔رہنمائوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسے ایک وسیع اسلامی دفاعی اتحاد کی شکل دی جائے۔ کونسل نے فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ و عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان کی رہائی اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے مئوثر اقدامات کیے جائیں۔