دہشتگرد ایک انچ زمین پر بھی قبضہ نہیں کرسکتے:سرفراز بگٹی

لاپتہ افرادسے متعلق قانون سازی کی جا چکی  ، بلوچ قوم کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے
 ریاست مخالف سرگرمیوں کی جڑیں ماضی کی غلط فہمیوں   سے جڑی ہوئی ہیں:وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ(آئی این پی ) وزیراعلی  بلوچستان میر سرفراز  بگٹی  نے کہاہے کہ دہشتگرد ایک انچ زمین پر بھی دیرپا قبضہ نہیں کرسکتے،لاپتہ افرادسے متعلق جامع قانون سازی کی جا چکی ہے، بلوچ قوم کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔کوئٹہ میں 16ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو سمجھنے کے لیے ماضی کی حقیقت جاننا ضروری ہے، بلوچستان سے متعلق دیگرعلاقوں میں پایا جانے والا تصورحقیقت کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر متوازن ترقی یا بیروزگاری شورش کی اصل وجہ نہیں، حکومت سے نالاں نوجوانوں کے شکوے دورکرکیانہیں گلے لگائیں گے تاہم ریاست مخالف کارروائیاں کرنے والوں سے آئین سے باہر بات ممکن نہیں۔سرفرازبگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کیلئے صوبائی ایکشن پلان تشکیل دے دیا گیا ہے،سکیورٹی فورسز گرے زونز میں آپریٹ کر رہی ہیں، دوست دشمن کی پہچان مشکل ہے تاہم دہشت گرد ایک انچ زمین پر بھی دیر پا قبضہ نہیں کر سکتے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ لاپتہ افرادسے متعلق جامع قانون سازی کی جا چکی ہے، بلوچ قوم کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے