سوئٹ ہوم اسلام آباد کی طرز پر ایک مثالی ادارہ کوئٹہ میں بھی قائم کرنا چاہتے ہیں: سرفراز بگٹی

 بلوچستان حکومت سوئٹ ہوم کے بچوں کی کفالت کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے،وزیراعلیٰ کی بچوں سے ملاقات 
کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان کے وزیراعلی سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ سوئٹ ہوم اسلام آباد کی طرز پر ایک مثالی ادارہ کوئٹہ میں میں بھی قائم کرنا چاہتے ہیں۔کوئٹہ میں وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سے سوئٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں کی ملاقات ہوئی ہے۔سوئٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی دعوت پر کوئٹہ کا دورہ کیا ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سوئٹ ہوم جیسے ادارے ہمارے معاشرے کی روشن امید ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ سوئٹ ہوم جیسا ایک ادارہ کوئٹہ میں بھی قائم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے سوئٹ ہوم کے بچوں کے حوصلے کو سراہا، بچوں کے ساتھ کھانا کھایا اورتحائف بھی دیے۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت سوئٹ ہوم کے بچوں کی کفالت کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔