حکومت ، پی ٹی آئی ،مذاکرات خطرے سے دوچار
مطالبات باضابطہ تحریری شکل میں پیش نہ کئے تو مذاکراتی عمل میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں:سینیٹر عرفان صدیقی ،جیل پر حکومت کا کنٹرول ، معلوم نہیں بانی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی جارہی: سلمان اکرم راجا
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومت ، پی ٹی آئی ،مذاکرات خطرے سے دوچار ہیں،ہیںسینیٹ میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے سربراہ اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے وعدے کے مطابق مطالبات باضابطہ تحریری شکل میں پیش نہ کئے تو مذاکراتی عمل میں مشکلات پیش آ سکتی ،12 دن گزر جانے کے بعد بھی ہم ایک انچ آگے نہیں بڑھ سکے۔انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم کو عمران خان سے ملاقات کی سہولت فراہم کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی ابھی تک تذبذب میں ہے کہ چارٹر آف ڈیمانڈز تحریری شکل میں پیش کیا جائے یا نہیں۔ تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے گزشتہ روز ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کو اتوار یا پیر کے روز ملاقات کا کہاگیا تھا، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان ملاقات نہ ہونے پر آبائی حلقوں کی طرف روانہ ہو گئے، سابق سپیکر اسد قیصر صوابی چلے گئے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ون آن ون ملاقات کا امکان ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ جیل پر حکومت کا کنٹرول ہے ، معلوم نہیں بانی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی جارہی،ہم بانی سے ملاقات میں مشاورت کرنا چاہتے ہیں، مذاکرات میں ہماری طرف سے کوئی تعطل نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ ہمیں بانی سے ملاقات کرائی جائے، لیکن تاحال ملاقات نہیں کرائی گئی۔