لاہور: وفاقی وزیر پلاننگ کمیشن احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو این آر او دینے والا اب کوئی نہیں، اور اگر رہائی چاہتے ہیں تو یہ صرف عدالتوں کے ذریعے ممکن ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب تحریک انتشار میں تبدیل ہو گئی ہے، جبکہ حکومت اقتصادی لانگ مارچ کرے گی اور سڑکوں پر انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ کرپشن میں سزا یافتہ شخص کو بچانے کے لیے پورے ملک کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ 30 جنوری سے وزیراعظم یوتھ منصوبے کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں انجینئرز کو ایک سال کی انٹرنشپ دی جائے گی، اور پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی اکانومی کی طرف بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں فساد یا انتشار سرمایہ کاری کو متاثر کرے گا، اور دشمن پاکستان سے بدامنی کے ذریعے بدلہ لینا چاہتا ہے۔انہوں نے آئینی ترمیم پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیشہ مطلوبہ دو تہائی اکثریت کے تحت ہی ممکن ہے، حکومت تنہا کوئی ترمیم نہیں کر سکتی، اور اب تک 28 ویں ترمیم کا کوئی مسودہ سامنے نہیں آیا۔