بنگلادیش کے انتخابات میں جماعت اسلامی کامیاب ہوگی، امت میں تقسیم نقصان دہ ہے:حافظ نعیم الرحمان

بنگلادیش کے انتخابات میں جماعت اسلامی کامیاب ہوگی، امت میں تقسیم نقصان دہ ہے:حافظ نعیم الرحمان

پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بنگلادیش میں آنے والے انتخابات میں جماعت اسلامی کامیاب ہوگی۔

 پشاور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بنگلادیش میں جو تحریک چلائی وہ کامیاب ہوئی اور جماعت ہمیشہ اتحاد کی بات کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقسیم کا فائدہ نہیں ہے اور امت میں اتحاد کی ضرورت ہے، ورنہ نقصان سب کا ہوگا۔حافظ نعیم الرحمان نے عالمی امور پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا پر سرمایہ دارانہ نظام مسلط ہے، امریکا نے اسرائیل کو ہتھیار فراہم کیے اور غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی نمائندگی نہیں ہے اور اس میں شمولیت پر پاکستان کی پارلیمنٹ میں گفتگو نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی عالمی طاقت سے ٹکراؤ نہیں چاہتا لیکن غلامی بھی قبول نہیں کرے گا۔امیر جماعت اسلامی نے ملکی مسائل پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی نظام بہتر نہیں کیا جا رہا، غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے۔ انہوں نے بجلی کے مسئلے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2 ہزار 200 ارب روپے ایسے بلوں میں ادا کیے گئے جو حقیقت میں پیدا نہیں ہوئے۔