جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران کے خلاف قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے اقوام متحدہ میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر انصاف، بین الاقوامی قانون اور اصولی سفارت کاری کو تقویت دی ہے۔رضا امیری مقدم نے امید ظاہر کی کہ دونوں برادر ممالک خطے اور عالمی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسانی حقوق کے معاملات کو سیاسی دباؤ یا یکطرفہ فیصلوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ بات چیت، تعاون اور باہمی احترام کے ذریعے مسائل حل کیے جانے چاہئیں۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ووٹ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔ دوسری جانب، پاکستان نے اس موقع پر سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے فروغ پر یقین رکھتا ہے، مگر کسی بھی ملک کے خلاف یکطرفہ اور سیاسی بنیادوں پر لائی گئی قراردادوں کی حمایت نہیں کرتا۔ پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی حقوق کے امور میں تعمیری مکالمہ اور تعاون ہی مؤثر راستہ ہے۔
Copy