ممبئی: بھارتی شہر ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقے اندھیری اوشیوارہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں اداکار اور فلم ناقد کمال راشد خان (کے آر کے) کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 18 جنوری کو نالندہ سوسائٹی میں پیش آیا، جہاں دو گولیاں چلنے کی اطلاع ملی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران کے آر کے نے تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنے لائسنس یافتہ اسلحے سے دو فائر کیے۔ سوسائٹی کے احاطے سے بھی دو گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جن میں سے ایک دوسری منزل اور دوسری چوتھی منزل سے ملی۔پولیس کے مطابق ایک فلیٹ ایک مصنف و ہدایتکار کے نام جبکہ دوسرا فلیٹ ایک ماڈل کے نام درج ہے۔ ابتدائی طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج سے کوئی خاص سراغ نہیں ملا، لیکن بعد ازاں فرانزک جانچ سے گولیوں کے چلائے جانے کی تصدیق ہوئی۔فائرنگ کے اصل مقصد کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔ کے آر کے کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔