دنیا بھر میں ’ریئل پوپائے‘ کے نام سے مشہور برازیل کے وائرل باڈی بلڈر آریلینڈو ڈی سوزا 55 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
وہ اپنے غیر معمولی طور پر بڑے بازوؤں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے تھے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آریلینڈو ڈی سوزا گردوں کی شدید خرابی کے باعث برازیل کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ دسمبر میں ان کا ایک گردہ فیل ہو گیا تھا اور بعد ازاں دوسرا گردہ بھی کام کرنا بند کر گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق پھیپھڑوں میں پانی بھرنے اور دل کے دورے کے بعد وہ ڈائیلاسس سے قبل ہی انتقال کر گئے، جبکہ موت کی وجہ متعدد اعضا کی ناکامی بتائی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آریلینڈو نے کم عمری میں باڈی بلڈنگ شروع کی اور برازیلین ٹی وی شوز کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ انہوں نے بازوؤں کو غیر معمولی حد تک بڑا کرنے کے لیے خطرناک انجیکشنز استعمال کیے، جس پر ڈاکٹروں نے انہیں متعدد بار خبردار کیا تھا۔