لاہور (سپیشل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلس نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے یورپی یونین کے سفیر کی پنجاب اسمبلی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ جو جمہوریت، کثیرالجہتی نظام، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر مبنی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط پاکستان،یورپی یونین تعلقات نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی اہم ہیں۔