بہت سے جہاز ایران کی طرف جا رہے ہیں‘ ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کررہے ہیں‘ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے
اس فوجی نقل و حرکت کا مطلب یہ نہیں امریکہ لازمی طور پر فوجی کارروائی کرے گا‘ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے، ہم بھی تیار ہیں:میڈیا سے گفتگو
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکہ نے ایران کی جانب بڑی فورس روانہ کردی جس میں جنگی بحری جہاز اور طیارے شامل ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے ہم بھی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہماری بڑی فورس ایران کی جانب رواں دواں ہیں، بہت سے جہاز ایران کی طرف جا رہے ہیں اور ہم ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کررہے ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا انہوں نے ایران پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے، ایران کو کہا تھاکہ اگرپھانسیاں دیں تو کارروائی کریں گے، میری دھمکی کے بعد ایران نے پھانسیاں منسوخ کردیں۔صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اس فوجی نقل و حرکت کا مطلب یہ نہیں کہ امریکا لازمی طور پر فوجی کارروائی کرے گا۔غیر ملکی میڈیا نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک کیریئر اسٹرائیک گروپ اور دیگر فوجی مشرق وسطی کی جانب روانہ ہوچکے ہیں اور اس میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن، جنگی بحری جہاز اور جنگی طیارے شامل ہیں