گرفتار ملزمان میں 777مرد، 33خواتین اور 05سہولت کار شامل ہیں : پولیس ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے پیشہ ور گداگروں کے خلاف جاری مہم کے تحت رواں ماہ مختلف کارروائیوں میں 815 پیشہ ور گداگروں کو گرفتارکر کے مقدمات کااندراج کیا گیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 777مرد، 33خواتین اور 05سہولت کار شامل ہیں۔سٹی ڈویڑن میں 194، کینٹ میں 130، سول لائنز میں 119، صدرمیں 112، اقبال ٹاؤن میں 101اور ماڈل ٹاؤن میں 159ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں انسدادِ گداگری مہم کے تحت بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ گداگرمافیا کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔سی سی پی او لاہور نے ڈویڑنل افسران کو پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر گداگر وں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک سگنلز، چوکوں اوراہم شاہراؤں پر بھکاریوں کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا جائے جبکہ نشے کے عادی گداگروں کو بیگرز ہومز بھجوایا جائے۔سی سی پی او لاہور نے گداگروں کے ٹھیکیداروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اہم شاہراؤں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری گداگر وں کی موجودگی کی اطلاع 15پر دیں تا کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے