اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد میںرمضان المبارک کے دوران آپریشن میں 100 سے زائد پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک میں وفاقی دارالحکومت میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف انتظامیہ کا سخت کریک ڈائون جاری ہے اور ڈی سی اسلام آباد نے تمام اے سیز کو خصوصی ٹاسک دے رکھے ہیں۔ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق یکم رمضان سے اب تک 100 سے زائد بھکاریوں کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا ۔ڈی سی نے بتایا کہ تمام پیشہ ور گداگروں کا ڈیٹا مرتب کر کے ان کے دوبارہ اسلام آباد میں داخلے کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں فعال ہونے والے گداگری نیٹ ورکس کو ہر صورت روکا جائے گا، تاہم پیشہ ور گداگروں کے خلاف کاروائیاں شہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ڈی سی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی پیشہ ور گداگر دیکھیں اس کی فوری طور پر ضلع انتظامیہ کو اطلاع دیں۔