ملک بغداد بیٹے زاہد کے ساتھ موٹرسائیکل پرپیشی کیلئے عدالت جارہا تھا
بورے والا،گگومنڈی(خصوصی رپورٹ)بورے والا میں قومی شاہراہ لاہور روڈ پر دیرینہ دشمنی پر دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل اور بیٹے کو شدید زخمی کردیا جس کی ہسپتال میں حالت تشویشناک ہے۔بتایاگیاہے کہ بورے والا میں پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن نواحی گاؤں 203 ای بی کے رہائشی ملک بغداد لنگڑیال اپنے بیٹے زاہد بغداد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر مقتول بیٹے مظہربغدادایڈووکیٹ کے قتل کیس میں عدالت پیشی کے لئے جا رہا تھے کہ لاہور روڈ پر 59والے پھاٹک ملک پیلس کے قریب دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس سے ملک بغداد موقع پر دم توڑ گیا اوربیٹا شدید زخمی ہوگیا،پولیس نے موقع پرپہنچ کر نوجوان کو ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق مقتول کے تین جوان بیٹے مدثر، طاہر ، مظہر بغداد ایڈووکیٹ ، دو بھانجے اور دو بھتیجے بھی دیرینہ دشمنی پرقتل ہوچکے ہیں ،فریقین میں گاؤں میں چودھراہٹ کا تنازع چل رہا ہے۔