رانا آفتاب گھر سے فیکٹری کیلئے نکلے ، موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل
لاہور(کرائم رپورٹر) تھانہ چوہنگ کی حدود میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں سابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ملازم رانا آفتاب احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیمقتول کی عمر 62 سالہ تھی اور وہ پارک ویو سوسائٹی کے رہائشی تھے پولیس کے مطابق رانا آفتاب احمد نجی سوسائٹی میں واقع اپنے گھر سے ٹیکسٹائل مل جانے کے لیے نکلے تھے کہ دو موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مقتول ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے ریٹائرڈ تھے واقعے کا ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ان کی ہدایت پر ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد لینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دلوائی جائے گی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے مقدمے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔