مقتول گاڑیوں کے اڈ ے پر پرچیاں دیتاتھا، فائرنگ سے موقع پرہی دم توڑ گیا،دیرینہ دشمنی کاشبہ
لاہور (کرائم رپورٹر )نشتر کالونی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ 22سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ، پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے دیرینہ دشمنی سمیت دیگر پہلو ئوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکلوں نے فائرنگ کرکے 22سالہ نوجوان کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے ،مقتول کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی جو گاڑیوں کے اڈے پر پرچیاں دیتا تھا ،مقتول گجومتہ کے قریب جارہا تھا ،اس دوران موٹر سائیکل پر 3مسلح افراد آئے اور اندھا دھند فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا، شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مقتول کو دیرینہ عداوت پر قتل کیا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کر کے لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔