بھارتی کامیڈین راجپال یادیو کو قتل کی دھمکی دینے والی ای میل کے حوالے سے ان کا پہلا بیان سامنے آیا ہے۔
راجپال یادیو سمیت دیگر بھارتی مشہور شخصیات کو ای میل کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئیں ہیں، جن میں کامیڈین کپل شرما، اداکارہ سوگندھا مشرا اور کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا شامل ہیں۔یہ دھمکیاں ایک ای میل کے ذریعے ارسال کی گئیں، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ کپل شرما اس کی "ہٹ لسٹ" پر ہیں کیونکہ ان کے شو کے اسپانسر سلمان خان ہیں۔ ای میل میں کہا گیا کہ یہ پبلسٹی اسٹنٹ یا ہراساں کرنے کی کوشش نہیں ہے بلکہ ایک حساس معاملہ ہے جسے سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔راجپال یادیو نے اس دھمکی کے بارے میں زیادہ بات کرنا مناسب نہیں سمجھا اور کہا کہ اس حوالے سے تمام معلومات ممبئی پولیس اور سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
ان کی اہلیہ رادھا یادیو نے اس واقعہ کی شکایت ممبئی پولیس میں درج کروائی تھی، جس کے بعد پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 351(3) کے تحت ایف آئی آر درج کی۔یہ واقعہ 14 دسمبر 2024 کو پیش آیا اور اس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ راجپال یادیو کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو پولیس کے حوالے کر چکے ہیں اور اب اس کے قانونی پہلو پر کارروائی کی جارہی ہے۔