کینیڈا کے شہر سری میں معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے ریسٹورنٹ کپس کیفے پر پھر سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس سے مقامی بھارتی کمیونٹی اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تازہ حملے میں کیفے پر تین گولیاں چلائی گئیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی گاڑیاں اور فلیش لائٹس حملے کے فوراً بعد موقع پر موجود تھیں۔ ویڈیو میں حملہ آور نے کیفے پر متعدد گولیاں برسانے کا مظاہرہ کیا، جس سے عمارت کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق، اس حملہ کی ذمہ داری مبینہ طور پر گینگسٹر لارنس بشنوی کے گروپ سے وابستہ کولویر سدھو اور گولڈی ڈھِیلون نے سوشل میڈیا پر قبول کی ہے۔وائرل پوسٹ میں حملہ آوروں کا کہنا ہے کہ "ہمارا عوام سے کوئی جھگڑا نہیں، ہم صرف دھوکہ دینے والوں کو خبردار کر رہے ہیں، اور جو بالی ووڈ شخصیات ہمارے مذہب کے خلاف بولتی ہیں، ان کے لیے بھی تیار رہیں کیونکہ گولیاں کہیں سے بھی آ سکتی ہیں۔"
مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ تیسری بار ہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ کی گئی ہے، جس کا آغاز 10 جولائی سے ہوا تھا، جب نامعلوم افراد نے باہر فائرنگ کی۔اس کے بعد 7 اگست کو دوسرا واقعہ پیش آیا، جس میں 25 سے زائد گولیاں چلائی گئی تھیں۔کپل شرما یا ان کے خاندان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا، مگر یہ حملے ان کے مداحوں اور بھارتی کمیونٹی کو فکر مند بنا رہے ہیں۔ کینیڈا میں مقیم بھارتی کمیونٹی بھی ان واقعات سے پریشان ہے اور مطالبہ کر رہی ہے کہ جلد از جلد سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ اس پرتشدد سلسلے کو روکا جا سکے۔