بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان، جو اپنی منفرد کامیڈی اور بڑی مداحوں کی تعداد رکھنے کے باعث شہرت رکھتے ہیں، نے کچھ وقت کے لیے اسٹیج شوز سے وقفہ لینے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ ذاکر خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ بگڑتی ہوئی صحت اور مسلسل مصروفیات کے باعث عارضی طور پر لائیو پرفارمنسز سے دوری اختیار کر رہے ہیں۔ذاکر خان نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے صحت میں بگاڑ محسوس کر رہے تھے مگر کام کی مجبوریوں کی وجہ سے مصروفیات جاری رکھی تھیں۔ ان کے مطابق وہ طویل عرصے سے ٹورز پر ہیں اور صبح سے رات تک لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے شوز میں مصروف رہنے کی وجہ سے نہ کھانے پینے کا وقت ملتا ہے اور نہ ہی آرام، جس کے باعث وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب غیر ملکی ٹورز کو مؤخر کر کے صرف بھارت کے اندر شوز کریں گے تاکہ طویل سفر سے بچ سکیں اور اپنی صحت پر توجہ دے سکیں۔ذاکر خان کے اعلان کے بعد مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت مند ہو کر ایک بار پھر اسٹیج پر واپسی کریں گے۔